58 سالہ شخص نے اپنی سدا بہار جوانی کا راز بتا دیا

کیا آپ کسی کو دیکھ کر اس کی عمر کا اندازہ لگا سکتے ہیں جیسے اوپر موجود تصویر میں نظر آنے والا شخص کتنے سال کا ہوسکتا ہے؟

دیکھنے میں جوان نظر آنے والے اس شخص کی اصل عمر آپ کو دنگ کر دے گی۔

سنگاپور سے تعلق رکھنے والے فیشن فوٹوگرافر چوانڈو ٹان اپنے کام کی بجائے اپنی شخصیت کی وجہ سے زیادہ مشہور ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی اصل عمر تو 58 سال ہے مگر زیادہ تر افراد انہیں 25 سے 30 سال کا قرار دیتے ہیں۔

ان کی پیدائش 1967 میں ہوئی تھی اور 1980 کی دہائی میں ایک ماڈل کے طور پر فیشن انڈسٹری میں قدم رکھا جبکہ 90 کی دہائی میں ایک گلوکار بھی رہے، جس کے بعد فوٹوگرافی کے شعبے میں قدم رکھا۔

ایک دہائی قبل انہوں نے اپنے فوٹو اسٹوڈیو کے لیے ایک انسٹا گرام اکاؤنٹ بنایا اور اپنی تصاویر مختلف کیپشنز کے ساتھ شیئر کیں۔

ان کی سدا بہار جوانی کے حوالے سے انسٹا گرام میں کافی خیالات ظاہر کیے گئے تو انہوں نے اس کا راز خود بتایا۔

ان کا ماننا ہے کہ ہماری غذا شخصیت پر اندازوں سے زیادہ اثرانداز ہوتی ہے، کیونکہ ہماری اچھی جسمانی اور ذہنی صحت کا 70 فیصد انحصار غذا پر ہوتا ہے۔

ان کے مطابق جسمانی سرگرمیاں بھی اس حوالے سے اہم ہوتی ہیں۔
ناشتے میں وہ اکثر 6 ابلے ہوئے انڈے کھاتے ہیں، جن میں سے 4 کی زردی نکال دیتے ہیں تاکہ کولیسٹرول لیول کنٹرول میں رہ سکے جبکہ کبھی کبھار avocado کو بیریز کے ساتھ کھاتے ہیں۔

کھانے میں وہ چکن، چاول، سبزیاں اور مچھلی کا سوپ پسند کرتے ہیں، اور آئس کریم بھی ان کی کمزوری ہے، مگر چائے اور کافی سے گریز کرتے ہیں۔

تمباکو نوشی اور الکحل سے بھی گریز کرتے ہیں جبکہ پانی بہت زیادہ پیتے ہیں۔

ان کے مطابق پروٹین ہماری اچھی صحت کے لیے اہم ترین غذائی جز ہے۔

جہاں تک جسمانی سرگرمیوں کی بات ہے تو وہ ہر ہفتے 3 سے 4 بار 30، 30 منٹ کی ورزش کرتے ہیں جبکہ ٹریڈمل پر تیز چہل قدمی اور سوئمنگ ان کے روزانہ کے معمولات کا حصہ ہے۔

وہ وٹامن سی سپلیمنٹ بھی استعمال کرتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں یہ ایک طاقتور اینٹی آکسائیڈنٹ ہے جو جسم کی اندرونی مرمت اور بحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

عمر بڑھنے کے ساتھ خود کو جوان رکھنا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے بھی چوانڈو ٹان نے چند مشورے دیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزن اٹھانے والی ورزشیں، بینچ پریس اور پل اپ وغیرہ کو معمول بنائیں کیونکہ ان سے زیادہ کیلوریز جلتی ہیں جبکہ مسلز کی مضبوطی اور حجم میں اضافہ ہوتا ہے۔

اسی طرح روزانہ کچھ وقت سورج کی روشنی میں گزاریں تاکہ وٹامن ڈی کی کمی نہ ہو، اس کے لیے صبح یا شام کے وقت گھر سے باہر نکلیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے پیاروں سے تعلقات کو مضبوط بنائیں تاکہ ڈپریشن اور دیگر مسائل سے بچ سکیں۔

ان کے مطابق مثبت سوچ کو اپنانا ضروری ہے کیونکہ ہماری ذہنیت ہی ہمارے راستے کا تعین کرتی ہے اور مثبت سوچ سے عمر بڑھنے کے باوجود جسم پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں