لاہور: گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہےکہ ہتک عزت بل سے متعلق کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا اور پیپلزپارٹی ہمیشہ آزادی اظہار کے حق میں رہی ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے لاہورمیں سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طے پایا تھا کہ حکومت اور صحافیوں کی ایکشن کمیٹی کی ملاقات ہوگی، یہ طے پانے کے بعد میں بیرونی دورے پر چلا گیا، بل پر دستخط نہ بھی کرتا تو بھی اس نے منظور ہوجانا تھا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر کے پاس کو ئی ایسا اختیار نہیں کہ کسی قانون کو بننے سے روک سکے،ہتک عزت بل سے متعلق کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا، پیپلزپارٹی ہمیشہ آزادی اظہار کے حق میں رہی ہے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب نے سند س فاؤنڈیشن میں مریضوں کو دستیاب سہولتوں کی تعریف کی اورخون کا عطیہ دیا۔