نیو میکسیکو کے جنوبی علاقے میں آتشزدگی سے 2 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں مکانات جل کر تباہ اور ہزاروں افراد نقل مکانی کر گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیو میکسیکو کے پہاڑی علاقے روئیڈوسو میں آتشزدگی سے 1400 مکانات اور دیگر اسٹرکچر تباہ ہو گیا جبکہ 8000 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
نیو میکسیکو پولیس کے مطابق مکمل طور پر جلی ہوئی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ایک نامعلوم شخص کی مسخ شدہ لاش ملی جبکہ ایک اور 60 سالہ شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیو میکسیکو کے گورنر مشل لوجان گرسھیم نے امریکی صدر جو بائیڈن سے آتشزدگی سے متاثر ہونے والے 2300 ایکڑ رقبے پر محیط علاقے کو آفت زدہ قرار دینے کی درخواست کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیو میکسیکو کو اس وقت گزشتہ 3 دہائیوں کی بدترین خشک سالی کا سامنا ہے جس نے جنگل کی آگ کو مزید خطرناک بنا کر رکھ دیا ہے۔
2022 میں نیو میکسیکو کو براعظم امریکا کی بدترین آتشزدگی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے نتیجے میں 3 لاکھ 41 ہزار ایکٹر پر محیط رقبہ جل کر راکھ ہو گیا تھا۔