ایکواڈور میں بجلی کا بریک ڈاؤن، 18 ملین شہری بجلی سے محروم ہوگئے

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے تاریکی میں ڈوب گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے(بی بی سی) کے مطابق گزشتہ روز ایکواڈور میں بجلی جانے سے اندھیرا چھاگیا جس کے سبب 18 ملین شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کی بندش کی وجہ سے دارالحکومت کوئٹو میں ٹرینوں کا نظام رک گیا اور ٹریفک لائٹس بند ہوگئیں جب کہ بجلی جانے سے تعلیمی نظام اور معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق بجلی کی یہ بندش کئی گھنٹے تک رہی جس پر حکومتی وزیر رابرٹو لوک نے بجلی کے نظام میں سرمایہ کاری کی کمی کو اس بریک ڈاؤن کی وجہ قرار دیا۔

رابرٹو لوک نے کہا کہ کئی سالوں سے بجلی کے نظام پر کوئی سرمایہ کاری نہیں کی اور آج اس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

ادھر کوئٹو کے میئر نے کہا کہ بلیک آؤٹ کی وجہ سے میٹرو کی بجلی بھی بند ہوگئی جس کا اپنا الگ نظام ہے، الیکٹریکل انرجی سسٹم میں خرابی کی وجہ سے بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں