کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن گرمی کی شدت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 40فیصد ہے، کراچی میں ہوا بند ہونے اور بے تحاشہ نمی کے باعث لوگ پیسنے سے شرابور ہیں۔
شہر قائد میں اتوار کو درجہ حرارت 41 اور گرمی کی شدت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیے جانے کے بعد ایک اور کٹھن دن کا آغاز ہوگیا، رات شہر میں 39 اور 40 ڈگری جتنی گرمی کا احساس ہوا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح سات بجے سے ہی 38 ڈگری جیسی شدت محسوس کی جانے لگی ہے، سمندری ہوائیں بند ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات خبردار کرچکا ہے کہ شہریوں کو آئندہ تین دن ایسی ہی گرمی جھیلنا ہوگی، شہر میں گرمی میں اضافے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم، مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ شام میں سمندری ہوائیں بحال ہوسکتی ہیں، پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
سخت موسم میں بجلی کی طویل بندش شہریوں کے لیے دہری اذیت بن کر رہ گئی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گرمی کے ستائے شہری احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے، شہر میں کہیں 10 کہیں 12 اور کہیں 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ رات دو دو بجے تک بجلی بند کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کی بے حسی نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔