واجبات کی عدم ادائیگی پر مچ جیل کی بجلی کاٹ دی گئی، سکیورٹی خدشات بڑھ گئے

واجبات کی عدم ادائیگی پر بلوچستان کی سب سے بڑی جیل سینٹرل جیل مچ کی بجلی کاٹ دی گئی۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ کیسکو نے3 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر جیل کی بجلی منقطع کی ہے ۔

مچ جیل حکام نے جیو نیوز کوبتایاکہ سینٹرل جیل میں 750 قیدی پابند سلال ہیں ، جن میں سزائے موت کے 73 قیدی پھانسی کے منتظر ہیں جبکہ 100 سے زائد ہائی پروفائل ملزمان بھی جیل میں قید ہیں۔

اس ضمن میں آئی جی جیل بلوچستان ملک شجاع الدین کا سی نے بتایا کہ بجلی کاٹنے سے جیل میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے کیسکو حکام کو 15 روز میں واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن یقین دہانی کے باوجود حساس جیل کی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں