اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے وژن عزم استحکام پر غلط فہمیوں اورقیاس آرائیوں پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کثیر الجہتی، سیکیورٹی اداروں کےتعاون اورپورے ریاستی نظام کامجموعی قومی وژن ہے، کسی نئے و منظم مسلح آپریشن کی بجائےجاری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیزکی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کو ریاستی اداروں کی نجکاری بالخصوص پی آئی اے کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے، پری بڈنگ میں دلچسپی کا اظہارکرنے والی کمپنیاں پی آئی اےکی مختلف سائٹس کا دورہ کررہی ہیں، پی آئی اے کی بڈنگ اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیزکرنے اور شفافیت کو اہمیت دینے کی ہدایت کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے غذائی پروگرام برائے افغانستان کی استدعا پر ایک کنٹینر کی کراچی سےکابل ٹرانزٹ کی اجازت دی گئی ہے۔
کنٹینر ٹرکوں کے پرزوں پر مشتمل ہو گا اور یہ خصوصی اجازت صرف ایک مرتبہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر دی گئی ہے۔
کابینہ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق بہاولپور کے امیر (مرحوم) کی غیر منقولہ جائیداد کے لیے عمل درآمد کمیٹی کی مدت میں مارچ 2025 تک توسیع دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نےفریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کی بھی منظوری دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چینی کی برآمد کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں اس وقت چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں، شوگر ایڈوائزی بورڈ نے قلیل مقدار میں چینی کی برآمد کی منظوری دی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں کسی بھی قسم کے اضافے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے چینی کی قیمت پر نظر رکھنے کے لیے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اگر چینی کی قیمت میں کسی قسم کے اضافے کا اندیشہ ہوا تو اس کی برآمد کو روک دیا جائے گا۔