عدت میں نکاح کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد

عدت میں نکاح کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا سزا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور جیل کی جانب جانیوالے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا تھا۔

جج کی جانب سے اپیلوں پر فیصلہ سنائے جانے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدت میں نکاح سے متعلق کیس میں 3 فروری 2024 کو 7، 7 برس قید کی سزا ہوئی تھی جسے انہوں نے چیلنج کیا تھا۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نےسزا معطلی کے لیے متفرق درخواستیں دائرکی تھیں۔

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ 25 جون کو محفوظ کیا تھا۔

اب عدت میں نکاح کیس میں سزاکےخلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت 2 جولائی کو ہو گی۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی صرف عدت میں نکاح کیس میں سزا کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں، عمران خان توشہ خانہ اور سائفر مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔

اس کے علاوہ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں درج 9 مئی کے کیسز میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ضمانت پر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں