کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کی سیمسٹر فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر یونیورسٹی کو حکم امتناع جاری کردیا۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں سیمسٹر فیسوں میں اضافے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں طلبہ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ شعبہ قانون اور بی اے سمیت مختلف شعبوں کی سیمسٹر فیس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیاہے، ہم غریب طلبہ اتنی فیس کہاں سے ادا کریں گے۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق یونیورسٹی سالانہ 10 فیصد سے زائد فیس میں اضافہ نہیں کرسکتی۔
بعد ازاں عدالت نے فیسوں کے اضافے سے متعلق فیصلے پر یونیورسٹی کو حکم امتناع جاری کردیا۔