فواد کی پی ٹی آئی میں واپسی کی کوششیں، حامد خان کی شدید مخالفت

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے فواد چوہدری کے پارٹی میں واپسی کی مخالفت کر دی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے حامد خان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کے لیے پارٹی کے اندر سے ایک اور پارٹی استحکام پاکستان پارٹی بنوائی گئی، فواد چوہدری اور عمران اسماعیل اس میں شامل ہو گئے تھے، فواد چوہدری اب بھی کسی کے اشارے پر پارٹی کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔

حامد خان نے فواد چوہدری کی پی ٹی آئی میں واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ کر بھاگ گئے تھے، انھیں پارٹی میں واپس آنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

چند روز قبل فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا تھا میں نے عمران خان کے کہنے پر ہی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی تھی اور ان کے کہنے پر ہی پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔

فواد چوہدری کا ردعمل
حامد خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا حامد خان پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جب تک ان سے جان نہیں چھڑائیں گے صحیح اپوزیشن نہیں کر سکتے، یہ چاہتے ہیں ان کے قد سے بڑے لوگ پی ٹی آئی میں نہ آئیں۔

پارٹی میں اختلافات سے متعلق سوال پر حامد خان نے کہا کہ ہر پارٹی میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن عمرایوب کا استعفیٰ آپسی اختلافات کی وجہ سے نہیں۔

دو روز قبل عمر ایوب نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

عمران خان کی رہائی سے متعلق سوال پر سینئر قانون دان حامد خان کا کہنا تھا اس وقت اسٹیبلشمنٹ نہیں چاہتی کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں اس لیے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں