کراچی: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے موجودہ حکومت پر نیب کو مضبوط کرنے کا الزام عائد کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکومت وعدہ کرکے آئی تھی کہ نیب کو ختم کریں گے مگر انہوں نے آرڈیننس لا کر اس کو مضبوط کیا۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کا نظام آپ کے سامنے ہے، 5 سال سےکیس چل رہا ہے، اس کیس میں منوں کے حساب سے کاغذات جمع کرائے ہیں، ابھی کورٹ میں پتا چلا ایک شخص کاکیس 2011 سے چل رہاہے، سیاست چلانے کے لیے نیب کا ادارہ بنایا گیا تھا اور نیب آج بھی سیاست ہی چلا رہا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نےکہا کیس ہم نہیں عمران خان بنواتے تھے، عمران خان کے ساتھی کہتے تھے جنرل باجوہ کیس بنواتےتھے، ملک ترقی اس لیے نہیں کرتا کیوں کہ کوئی بھی سرکاری افسر فیصلے نہیں کرتا۔