آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی۔
ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن نے ‘کانفیڈنشل’ رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو بھجوائی جب کہ سینئر منیجر وہاب ریاض چند روز قبل اپنی رپورٹ جمع کراچکے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی گیری کرسٹن کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں، رپورٹس کی روشنی میں محسن نقوی بورڈ عہدیداران اورسابق کرکٹرز سےمشاورت بھی کریں گے جب کہ مشاورت مکمل ہونے پر مستقبل سے متعلق فیصلے ہوں گے۔
ذرائع کےمطابق گیری کرسٹن نے ناقص کارکردگی کی وجوہات تفصیلی طور پر بیان کی ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور کھیل سے آگاہی پر تفصیلی لکھا، ہیڈ کوچ نے ٹیم میں بہتری لانے کے لیے تجاویز بھی دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور رپورٹ میں وہی پوائنٹس ہیں جس کا گیری کرسٹن نے اپنی تقریر میں ذکر کیا تھا۔