لاہور ہائیکورٹ نے بھائی کے قتل کے مجرم کی سزائے موت عمر قید میں بدل دی۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مجرم گلریز کی درخواست پر تحریری فیصلہ سنایا جس کے مطابق مجرم گلریز نے اپنے بھائی محمد وقاص کو قتل کیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مجرم کو ٹرائل کورٹ نے 2020 میں سزائے موت کا حکم سنایا، مقتول کی اہلیہ نے مجرم گلریز کے خلاف شیخوپورہ میں مقدمہ درج کروایا، ایف آئی آر کے مطابق مجرم گلریز نے بھائی محمد وقاص کو چھری مار کر قتل کیا تھا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ تفتیشی افسر نے تسلیم کیا کہ چھری کو فارنزک لیب نہیں بھیجا، مقتول کی والدہ اور والد کے بیانات مجرم کو بچانے کے لیے محسوس ہوئے، یہ درست ہے کہ مقتول کی بیوی سدرہ کے سسرال والوں نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔
فیصلے کے مطابق سدرہ نے اپنے شوہر محمد وقاص کو زخمی حالت میں شاہدرہ اسپتال شفٹ کیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔