محبت کسی بھی عمر میں ممکن ہے: صنم سعید کا 35 سال کی عمر میں شادی کے سوال پر جواب

اداکارہ صنم سعید نے 35 سال کی عمر میں شادی کرنے کے سوال پر کہا ہے کہ محبت کسی بھی عمر میں ممکن ہے۔

اداکارہ صنم سعید اور اداکار محب مرزا نے گزشتہ برس مارچ میں اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کیا تھا اور دونوں اداکاروں کی یہ دوسری شادی ہے۔

حال ہی میں اداکارہ ایک یوٹیوب شو میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان نے اداکارہ سے 35 سال کی عمر کے بعد شادی کے فیصلے پر رائے طلب کی ۔

اس سوال کے جواب میں صنم سعید نے کہا کہ کوئی بھی رشتہ یا تعلق اسی وقت اچھا چلتا ہے جب انسان خود کو سمجھ جاتا ہےکیوں کہ جب تک آپ خود کو نہیں سمجھ پاتے آپ کیسے امید کرسکتے ہو کہ کوئی دوسرا آپ کو سمجھے گا۔
اداکارہ نے کہا کہ 35 سال ایک میچیور عمر ہے، اس عمر میں آپ زندگی سے کئی تجربے حاصل کرچکے ہوتے ہیں لہٰذا اس وقت شادی کا فیصلہ ایک میچیور فیصلہ ہے، اگرچہ 35 سال یا اس سے زائد عمر شادی کیلئے ایک بڑی عمر ہے لیکن ہم دونوں کی پہلی شادیاں ناکام ہوچکی تھیں اس لیے میں اس عمر میں اس فیصلے کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں۔

صنم سعیدکا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں عام تاثر ہے کہ 35 کا مطلب دنیا ختم ہوگئی اور اس کے بعد آپ کو محبت یا پارٹنر نہیں مل سکتا لیکن ثمینہ احمد اور منظر صہبائی ایک بہترین مثال ہیں ،محبت کسی بھی عمر میں ممکن ہے، اگر کسی شخص کی چھوٹی عمر میں طلاق ہوجائے یا پھر وہ شادی جلد نہ کرپائے تو اس عمر میں بھی شادی کا فیصلہ ایک اچھا فیصلہ ہے۔

واضح رہے کہ 2019 میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی آمنہ شیخ اور محب مرزا میں شادی کے 14 سال بعد علیحدگی ہوگئی تھی، دونوں 2005 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔

دوسری جانب اداکارہ صنم سعید نے بھی 2015 میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی جس کے بعد انہوں نے پاکستان چھوڑ دیا تھا تاہم دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں