ٹک ٹاک نے 3 ماہ کے دوران پاکستانی صارفین کی 2 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستانی صارفین کی 2 کروڑ سے زائد ویڈیوز پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کیں۔

یہ بات کمپنی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتائی گئی۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک پر روزانہ کروڑوں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں جن کے مواد کی جانچ پڑتال کمیونٹی گائیڈ لائنز کے اصولوں کے تحت ہوتی ہے۔

اسی حوالے سے ٹک ٹاک نے 2024 کی پہلی سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے جنوری سے مارچ 2024 کے دوران دنیا بھر میں 16 کروڑ 69 لاکھ 97 ہزار 307 ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹایا۔

یہ تعداد اس عرصے میں ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی مجموعی ویڈیوز کے 0.9 فیصد کے برابر ہے۔

پاکستان میں اس عرصے کے دوران 2 کروڑ 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا گیا۔

اس سہ ماہی کے دوران ٹک ٹاک نے پہلی بار کمنٹ سیفٹی ٹولز استعمال کرتے ہوئے 97 کروڑ 64 لاکھ سے زائد تبصروں کو ڈیلیٹ اور فلٹر کیا۔

کمپنی کے مطابق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والی تقریبا 93.9 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔

ٹک ٹاک نے 2 کروڑ 16 لاکھ 39 ہزار 414 ایسے اکاؤنٹس بھی پلیٹ فارم سے ہٹائے، جن کے بنانے والوں کی عمر 13 سال سے کم تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کے ساتھ ساتھ کمپنی نے اسپام اکاؤنٹس اور متعلقہ مواد کو بھی ہدف بنایا اور خودکار طریقے سے اسپام اکاؤنٹس کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔

کمپنی کی جانب سے مواد کی جانچ پڑتال کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی جائزے کا مجموعہ استعمال کیا جاتا ہے، تاکہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر مبنی مواد کی نشاندہی اور کارروائی کی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں