کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک کے استعمال پر اصرار کیا جبکہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام نے ہیوی ٹریفک کے لیاری ایکسپریس وے کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لیاری ایکسپریس وے کی صلاحیت کی جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی اسٹڈی کا حکم دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اگر لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کے لیے کھولا گیا تو عام ٹریفک کے لیے اوقات کار معین ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی قونصلیٹ کے سامنے کارگو گودام پر رئیل اسٹیٹ منصوبے کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پورٹ کا بنیادی کام بندرگاہ چلانا اور کارگو معاملات کو دیکھنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو بتایا گای کہ کسٹمز عملہ کئی کئی دن پورٹ کے اندر کنٹینرز کھول کر چیکنگ کرتا رہتا ہے جس پر پورٹ سے تجارتی مال کی کلیئرنس میں کسٹمز کی جانب سے تاخیر پر وزیر اعظم نے ناراضگی کا اظہار کیا۔