پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو برطرف کر دیا ہے جس کے بعد وہاب ریاض کا بیان آگیا۔
وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ان بیانات سے متفق نہیں ہوں کہ میں نے سلیکشن کمیٹی کے اراکین پر دباؤ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ منٹس کی صورت میں ہر چیز کا دستاویزی ریکارڈ ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اعلیٰ عہدیدار نے وہاب ریاض کو ازخود مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا، وہاب ریاض کو پیغام دیا گیا تھا کہ سلیکشن کی ذمہ داری قبول کر کے مستعفی ہوجاؤ۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے مستعفی ہونے سے انکار کیا تھا جس کے بعد ان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عبدالرزاق اور وہاب ریاض کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں۔