جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا

جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، جج صاحبان، سابق ججز، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ، لا افسران اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب سلیم حیدر نے جسٹس عالیہ نیلم سے حلف لیا اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچیں جہاں انہیں پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

جسٹس عالیہ نیلم کون ہیں؟
جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں، ان کا کیرئیر 2 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے، انہوں نے 1996 میں قانونی کیرئیر شروع کیا اور مختصر عرصے میں خود کو بہترین وکیل کے طور پر منوایا۔

جسٹس عالیہ نیلم کو آئین، قانون، وائٹ کالر کرائم، دیوانی، فوجداری، انسداد دہشت گردی کے قوانین، نیب اور بینکنگ جرائم پر خصوصی مہارت حاصل ہے۔

جسٹس عالیہ نیلم 2013 میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات ہوئیں اور 16 مارچ 2015 کو بطور مستقل جج حلف اٹھایا، وہ بطور جج 203 قابلِ نظیر فیصلے دے چکی ہیں۔

جسٹس عالیہ نیلم پنجاب کی انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کی پہلی خاتون ایڈمنسٹریٹو جج بھی رہیں، انہوں نےصنفی بنیاد پر تشددکے مقدمات کی سماعت کےلیےعلیحدہ عدالتوں کےقیام میں اہم کرداراداکیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں