اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر وزیراعظم پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے تجاویز تیار کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئے پیکج کےلیے یوٹیلیٹی اسٹورزپردالوں اورچاول پرسبسڈی میں300 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ دال چنا اور ٹوٹاچاول پرفی کلو سبسڈی25 روپے سے بڑھا کر 100 روپےکرنے کی تجویز ہے جب کہ گھی پرفی کلو سبسڈی70 روپےسے بڑھاکر 100 روپےکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق چینی پر بھی فی کلوکے حساب سے سبسڈی بڑھانےکی تجویز پیش کی گئی ہے تاہم آٹے پرسبسڈی کا موجودہ ماڈل برقرار رکھنےکی تجویز ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم کےنئے پیکج کی سمری ای سی سی کو بھجوادی گئی ہے، اس سمری کا ای سی سی اوروفاقی کابینہ کی منظوری کےبعد ہوگا تاہم یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم کے نئے پیکج کا اطلاق یکم اگست سے کرنےکی تجویز ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی دی جارہی ہے جس میں چینی،گھی،آٹا، چاول اور دالوں پر بی آئی ایس پی صارفین کو سبسڈی دی جارہی ہے، بجٹ میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم اور رمضان پیکج کے لیے 65 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، وزیراعظم ریلیف پیکج کےلیے رواں مالی سال 55 ارب روپے مختص کیے گئے جب کہ گزشتہ مالی سال وزیر اعظم پیکج کے تحت35 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔