‘مسلسل تکلیف میں ہوں’، کیموتھراپی کے بعد کام شروع کرنے پر تنقید، حنا خان کا ردعمل سامنے آگیا

بریسٹ کینسر کا بہادری سے مقابلہ کرنے والی بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنے اوپر گزرنے والی صورتحال سے متعلق اپنے مداحوں اور ناقدین کو آگاہ کیا ہے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ پہلی کیموتھراپی ہوچکی ہے اور انہوں نے ایک مرتبہ پھر سے اپنی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔

حنا خان نے ویڈیو کے کیپشن پر زور دیتے ہوئےلکھا کہ کینسر کے علاج کے دوران کام کو معمول کے مطابق کریں، کینسر کی تشخیص کے بعد میرا پہلا کام ہے، چلنا اور بات چیت کرنا مشکل ہوتا ہے اور خاص طور پر تب جب آپ کو زندگی کے سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہو۔

اس ویڈیو پر کئی صارفین نے منفی تبصرے کیے اور اداکارہ کے اتنی سخت بیماری میں دوبارہ کام پر جانے پر سوالات اٹھائے۔

اب اداکارہ نے انسٹاگرام کی ایک اسٹوری میں اپنی اصل حالت سے متعلق بتایا ہے۔

حنا خان نے لکھا میں مسلسل تکلیف میں ہوں، جی ہاں، مسلسل، اگر کوئی شخص مسکرا رہا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ تکلیف میں نہیں ہے، اگر کوئی شخص دکھا نہیں رہا تو اس کا بھی مطلب یہ نہیں کہ وہ ٹھیک ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر کوئی کہتا ہے وہ ٹھیک ہے تو وہ اس کے باوجود تکلیف میں مبتلا ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ حنا خان نے ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال کی جانب سے ان کے لیے بھیجا گیا نوٹ بھی اسٹوری پر شیئر کیا۔

نوٹ میں لکھا تھا پیاری حنا خان، ہم جانتے ہیں کہ یہ سرجری آپ کے لیے انتہائی مشکل ہے لیکن اس بات کی ہمیں خوشی ہے کہ آپ صحت مند ہورہی ہیں۔

نوٹ میں لکھا گیا کہ ہم امید کرتے ہیں آپ جلد بہت اچھا محسوس کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں