پی ٹی آئی کے معاملے پر ہم سے مشاورت نہیں ہوئی، کسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں: مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کے حق میں نہیں ہے۔

کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مختلف علاقوں میں جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کا جائزہ لیا ہے، پولیس اور رینجرز سمیت تمام سکیورٹی ادارے چوکس ہیں، بلدیاتی اداروں اور کے ایم سی کو بھی انتظامات کےلیے متحرک کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اورحیدرآباد کے مرکزی جلوسوں کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہا ہوں، ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر جاری ہے، جلوسوں کے اختتام تک سکیورٹی کا جائزہ لیتے رہیں گے۔

تحریک انصاف پر پابندی لگانے سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پرپابندی کے فیصلے پرپیپلز پارٹی سےمشاورت نہیں کی گئی اور پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھی اپنا کردار دیکھنا ہوگا، محض سیٹیں لے لینا یا ووٹ لےلینے سے سیاسی جماعت نہیں بن جاتی، پی ٹی آئی خود اپنی وجہ سے اس مقام پر پہنچی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں