کراچی گرم موسم کی لپیٹ میں، شہر کے مضافات میں آندھی کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے تاہم شہر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم رہنےکا امکان ہے جب کہ شہر کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع کی جارہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 79فیصد ہے جب کہ سمندری ہوائیں بند ہیں، شمال مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، سانگھڑ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی اور میرپور خاص کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہےکہ شمالی بحیرہ عرب پرموجود ہوا کےکم دباؤ سےکراچی میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، شہر میں شمال مشرق سے گرم اور نم آلود ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کے زائد تناسب کے باعث گرمی کی شدت 46 ڈگری سینٹی گریڈ سےتجاوزکررہی ہے جب کہ ساحلی علاقوں میں گرمی کو محسوس کرنےکی شدت 50 ڈگری سےتجاوز کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں