پشاور ائیرپورٹ پر آتشزدگی کا شکار سعودی طیارہ فعال، جدہ کیلئے روانہ

پشاور ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران آتشزدگی کا شکار ہونے والے سعودی ائیر لائن کے طیارے کو ڈیڑھ ہفتے بعد مرمت کے بعد فعال کردیا گیا جو پشاور سے جدہ کیلئے روانہ ہوگیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی ائیر لائن کا ائیر بس اے 330 طیارہ 11 جولائی کی صبح سعودی دارالحکومت ریاض سے پرواز ایس وی 792 کے طور پر پشاور پہنچا تھا جہاں لینڈنگ کے دوران طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ ائیر ٹریفک کنٹرول پشاور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو رن وے پر ہی رکوایا اور ایمرجنسی ڈکلیئر کرکے طیارے میں سوار تمام 276 مسافروں اور عملے کے 21 ارکان کو سلائیڈز کے ہنگامی راستوں سے طیارے سے نکال کر محفوظ کرلیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن فائر بریگیڈ اور عملے نے فوری طور پر طیارے کی لینڈنگ گیئر میں لگی آگ بجھا دی تھی۔

اس صورتحال کے بعد پشاور ائیرپورٹ کا رن وے کئی گھنٹے تک بند ہوگیا تھا اور طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا جس کی مرمت کا کام گزشتہ ڈیڑھ ہفتے سے جاری تھا جو منگل کی صبح پایہ تکمیل تک پہنچا اور طیارے کو فعال کرکے جدہ کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں