پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ دمبولا گراؤنڈ کی کنڈیشن اسپینرز کے لیے سازگار ہے اس ہی وجہ سے پلیئنگ الیون میں ایک ہی فاسٹ بولر کو موقع دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی دو لیگ اسپینرز کو موقع دے رہے ہیں تو کبھی لیفٹ آرم اسپنرز کو موقع دے رہے ہیں، اسپن بولنگ ہی ہماری اسٹرینتھ ہے۔
ہیڈکوچ کا کہنا ہے کہ بیٹرز کو یہ ہی ہدایت کی ہے کہ وہ تیز کھیلیں۔بہتر اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کریں، انہیں اعتماد دیا، اس لیے ہی گلفروزہ اور منیبہ علی بہترین بیٹنگ کررہی ہیں، دونوں بیٹرز دو میچز میں لگاتار سنچری پاٹنرشپ قائم کرچکی ہیں۔
محمد وسیم نے کہا کہ ماڈرن کرکٹ کھیلنی ہے تو ماڈرن کوچز چاہیے ہوں گے جو نئے جدید طریقے سے کام کریں، ڈیٹا بیس پر کام کریں۔
محمد وسیم نے کہا کہ پہلے میچ میں ہمیں مشکل ہوئی کیونکہ ہم اپنے پلان پر عمل نہیں کرسکے، پہلے میچ کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، ہم صحیح ڈائریکشن میں جارہے ہیں، آنے والے میچوں میں اچھی سائیڈز کے خلاف اسی مائنڈ سیٹ سے کھیلنا ہوگا، اگر ہمیں ان لڑکیوں سے بہترین پرفارمنس لینی ہے تو انہیں آزادی دینی ہوگی تاکہ وہ کھل کر اپنا ٹیلنٹ پیش کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بولنگ ہمارا مضبوط شعبہ ہے، فیلڈنگ اور بیٹنگ میں بھی بہتری نظر آرہی ہے، کیمپ میں جو سخت محنت کی تھی وہ اب کام آرہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہماری لڑکیاں زیادہ جارحانہ انداز میں بیٹنگ کریں، کنڈیشنز اسپنرز کے حق میں ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہماری نوجوان بولرز نے عمدہ بولنگ کی ہے، سیمی فائنل اور فائنل جیتنا ہے، ابھی آدھے سے زیادہ کام باقی ہے سیمی فائنل میں تگڑی ٹیم ہوگی یہی سوچ کر یہاں آئے ہیں کہ اس بار ایشیا کپ جیتنا ہے۔
واجح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نیپال اور یو اے ای کے خلاف کامیابی کے بعد ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔