بھارتی کرکٹر محمد شامی کے دوست امیش کمار نے انکشاف کیا ہے کہ شامی نے پاکستان سے میچ فکسنگ کے الزامات کے بعد خودکشی کا سوچا تھا ۔
بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کے کرکٹ کیرئیر میں کئی کامیابیاں اور کئی ریکارڈ ان کے نام ہیں لیکن ان کی نجی زندگی بھی خبروں کی زینت بنی رہی ہے۔
شامی کی نجی زندگی میں ان کا بیوی سے اختلاف ،بیٹی سے دوری، میچ فکسنگ کے الزامات،بیوی پر تشدد کا الزام اور پھر سینٹرل کنٹریکٹ سے دوری شامی کے مشکل ترین لمحات میں سے ایک ہے، ان مشکل لمحات سے متعلق شامی کے دوست امیش کمار نے انکشاف کیا ہے کہ محمد شامی نے اس دوران خودکشی کا سوچا۔
ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران امیش کمار نے بتایا کہ یہ دور شامی کیلئے ایک مشکل دور تھا اس وقت شامی میرے ساتھ میرے گھر میں رہتا تھا لیکن شامی پر جب پاکستان کے ساتھ میچ فکسنگ کے الزامات لگے اور اسی رات تحقیقات کا آغاز ہوا تو اس نے مجھ سے کہا کہ میں سب کچھ برداشت کر سکتا ہوں لیکن ملک کو دھوکا دینے جیسے الزامات نہیں برداشت کرسکتا۔
امیش کے مطابق اس کے بعد ایک دن صبح تقریباً 4 بجے کا وقت تھا جب میں پانی پینے کے لیے اٹھا تو میں نے دیکھا کہ شامی عمارت کے 19 ویں فلور کی بالکونی میں کھڑا تھا میں سمجھ سکتا تھا کہ شامی کے کیرئیر کی وہ رات سب سے مشکل رات تھی۔
امیش نے بتایا کہ ایک روز مجھے شامی کا فون آیا کہ اسے میچ فکسنگ الزامات سے متعلق تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی جانب سے کلین چٹ مل گئی ہے اس روز شامی ایسے خوش تھا جیسے کوئی ورلڈکپ جیت گیا ہو۔
واضح رہے کہ محمد شامی کے 2018 میں جہاں اہلیہ حسین جہاں سے تعلقات خراب ہوئے تو ان پر میچ فکسنگ کے الزامات بھی لگائے گئے تھے جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سےان کے خلاف تحقیقات کا بھی آغاز کیا گیا تھا لیکن کرکٹر کو اس معاملے میں کلین چٹ دی گئی۔