بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت کو پاکستان لانے کی ذمہ داری آئی سی سی کو سونپ دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ نے پی سی بی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہےکہ پی سی بی نے آئی سی سی سے کہا ہےکہ یہ اب اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ بی سی سی آئی کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامند کرے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کولمبو میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بجٹ کی منظوری دی گئی لیکن اس اجلاس میں شیڈول اور فارمیٹ پر کوئی بات نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب آئی سی سی پر منحصر ہے کہ وہ کتنی جلدی بحث کے بعد چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کو حتمی شکل دے۔
پی سی بی کی جانب سے ڈرافٹ شیڈول میں بھارت کے تمام میچز حتیٰ کہ سیمی فائنل بھی لاہور میں کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک اور ذریعے نے تصدیق کی کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو محصولات کی ادائیگی، میچز وینیو کے انتخاب اور اپنی حکومت سے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان میں ہونے والی بھارتی ٹیم کی کلیئرنس سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔
دوسری جانب رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی کو بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے بی سی سی آئی کی تصدیق کی ضرورت ہے ، آئی سی سی نے اس مسئلے کے حل کے لیے ٹورنامنٹ کے بجٹ میں اضافی اخراجات بھی شامل کیے ہیں۔
ادھر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہونے کے تمام بھارتی دعوؤں کی سختی سے تردید کردی ہے۔