پیرس اولمپکس میں ‘اڑنے والے شخص’ کی وائرل تصویر کیسے کھینچی گئی؟

ہوا میں اڑنا متعدد افراد کا خواب ہوتا ہے مگر ایسا ممکن نہیں ہوتا۔

تاہم پیرس اولمپکس کے سرفنگ ایونٹ کی ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک شخص ‘ہوا میں اڑتا’ ہوا نظر آ رہا ہے۔

برازیل سے تعلق رکھنے والے سرفر گیبرئیل میڈینا کی یہ تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوگئی ہے۔

پیرس اولمپکس کا سرفنگ ایونٹ تاہیٹی میں ہورہا ہے جس میں برازیلین ایتھلیٹ نے 9.90 اسکور حاصل اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔

اس موقع پر گیبرئیل میڈینا جشن منانے کے لیے اپنے سرف بورڈ کے ساتھ اچھلے اور انگلی اوپر کی جانب اٹھائی۔

اس لمحے کو فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر جیروم برویلیٹ نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا۔

تصویر دیکھ کر یہی محسوس ہوتا ہے کہ برازیلین ایتھلیٹ ہوا میں اڑ رہے ہیں۔

ایک کشتی پر سوار فوٹوگرافر نے بتایا کہ سمندر کی لہریں توقعات سے زیادہ بڑی تھیں جبکہ ماحول تصویر کھینچنے کے لیے بہترین تھا۔

انہوں نے یہ تصویر اتنی مہارت سے کھینچی کہ اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے اسے فوٹو شاپ کیا گیا یا وہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا کمال ہے۔

فوٹوگرافر کے مطابق ‘وہ (گیبرئیل میڈینا) لہر کے پیچھے چلے گئے اور میں انہیں دیکھ نہیں پا رہا تھا اور پھر وہ اچانک فضا میں نمودار ہوئے جس کے ساتھ ہی میں نے 4 تصاویر کھینچ لیں، جن میں سے ایک یہ بھی ہے’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تصویر کھینچنا مشکل نہیں مگر کسی خاص موقع کو کیمرے میں محفوظ کرنا مشکل ہوتا ہے۔

مگر فوٹوگرافر کی مہارت اور علم نے انہیں اس خاص لمحے کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے میں مدد فراہم کی۔

جیسے ہی یہ تصویر انٹرنیٹ پر جاری ہوئی فوراً وائرل ہوگئی۔

فوٹوگرافر نے تسلیم کیا کہ وہ لوگوں کا ردعمل دیکھ کر کچھ حیران ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اچھی تصویر تھی اور لوگوں نے اسے بہت پسند کیا، یہ صرف سرفنگ کی ایک تصویر نہیں ہے اس لیے یہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

انہوں نے بتایا کہ تصویر نے لوگوں کی توجہ اس لیے حاصل کی کیونکہ اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ ایتھلیٹ ہوا میں اڑ رہے ہیں جبکہ ان کا سرفنگ بورڈ ان کے کھڑے ہونے کے انداز کی نقل کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں