زیادہ کھانا کھانے اور ورزش نہ کرنے کی وجہ سے اکثر لوگوں کی توند نکل آتی ہے جو کہ بری لگتی ہے۔
بہت سے لوگ اپنے بڑھے ہوئے پیٹ کو کم کرنے کیلئے مختلف ٹوٹکے آزماتے ہیں لیکن ایک اچھی روٹین اور مستقل مزاجی نہ ہونے کے سبب انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔
آج ہم آپ کو چند ایسے نسخے بتاتے ہیں جس سے توند کو کم کیا جاسکتا ہے۔
پروٹین اور فائبر سے بھرپور کھانے
پروٹین اور فائبر سے بھرپور کھانا کھانے سے دن بھر آپ کا پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے جس کے سبب آپ زیادہ کھانا کھانے سے بچ جاتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی یہ پروٹین اور فائبر آپ کے میٹابولزم کو بڑھاتے ہیں جس کی وجہ سے کیلوریز کو جسم سے کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پھل، سبزیوں، دلیہ، پھلیوں سمیت گوشت میں بھاری مقدار میں پروٹین اور فائبر پایا جاتا ہے۔
چینی کا کم استعمال
چینی یا چینی سے بنی کوئی بھی میٹھی ڈش آپ کی توند نکلنے کا سبب بنتی ہے، اس لیے پیٹ کو کم کرنے کیلئے سب سے پہلے چینی کا استعمال کم سے کم کرنا ضروری ہے۔
پانی کا زیادہ استعمال
پانی کا زیادہ استعمال ناصرف بہت سی بیماریوں سے بچنے کیلئے ضروری ہے بلکہ یہ جلد کو بھی شاداب بناتا ہے۔
پانی کا زیادہ استعمال بھوک لگنے سے بچاتا ہے جس کے سبب آپ بےوقت کھانے سے بچ سکتے ہیں اور یہ میٹابولزم کو بھی بہتر کرتا ہے جس کے سبب کیلوریز کو کم کیا جاسکتا ہے۔
ورزش
ورزش کرنا صحت کیلئے بہت ضروری ہے ، ورزش آپ کو چست رکھنے کے ساتھ ساتھ وزن کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
پش اپس، دوڑ اور رسی کودنے جیسی آسان ورزش سے پیٹ کی چربی کو کم کیا جاسکتا ہے۔