پیرس اولمپکس 2024 پورے زور و شور سے جاری ہے اور اب تک درجنوں میڈلز بھی ایتھلیٹس جیت چکے ہیں۔
ایک میڈل کے ساتھ کامیاب کھلاڑی کو اولمپک mascot کا کھلونا اور ایک ڈبا دیا جاتا ہے جس میں ایونٹ کا پوسٹر موجود ہوتا ہے۔
مگر کیا اولمپک میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو مالی انعامات بھی ملتے ہیں؟
اس کا جواب سادہ نہیں۔
اگرچہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے تو میڈل جیتنے والوں کو کوئی انعامی رقم نہیں دی جاتی مگر بیشتر ممالک اپنے ایتھلیٹس کو میڈل جیتنے پر انعامات دیتے ہیں۔
انعامی رقم دینے والے ممالک
ہانگ کانگ اور سنگاپور کی جانب سے اولمپک میڈل جیتنے والوں کو سب سے زیادہ انعامی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہانگ کانگ (ویسے تو یہ چین میں شامل ہے مگر اولمپکس میں اس کی اپنی ٹیم ہے) کی جانب سے طلائی تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹس کو 60 لاکھ ہانگ کانگ ڈالرز (7 لاکھ 68 ہزار امریکی ڈالرز) دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جولائی کے شروع میں ہانگ کانگ کے چیف سیکرٹری کی جانب یہ اعلان کرتے کہا گیا کہ چاندی اور کانسی کے تمغے جیتنے والوں کو بالترتیب 30 لاکھ (3 لاکھ 84 ہزار امریکی ڈالرز) اور 15 لاکھ ہانگ کانگ ڈالرز (ایک لاکھ 92 ہزار امریکی ڈالرز) دیے جائیں گے۔
پیرس اولمپکس میں اب تک ہانگ کانگ کے ایتھلیٹس 2 طلائی اور 2 کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔
سنگاپور کی جانب سے طلائی تمغہ جیتنے والوں کو 10 لاکھ سنگاپور ڈالرز (7 لاکھ 45 ہزار 300 امریکی ڈالرز)، چاندی کا تمغہ جیتنے والوں کو 5 لاکھ سنگاپور ڈالرز (3 لاکھ 73 ہزار امریکی ڈالرز) اور کانسی کا تمغہ جیتنے والوں کو ڈھائی لاکھ سنگاپور ڈالرز (ایک لاکھ 86 ہزار امریکی ڈالرز) دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انڈونیشیا کی جانب سے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والوں کو 3 لاکھ ڈالرز دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ چاندی اور کانسی کے میڈل جیتنے والوں کو بالترتیب ڈیڑھ لاکھ اور 60 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
قازقستان کی جانب سے بھی طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو بالترتیب ڈھائی لاکھ ڈالرز، ڈیڑھ لاکھ ڈالرز اور 75 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
ملائیشیا بھی اپنے کامیاب ایتھلیٹس کو لاکھوں ڈالرز کے انعامات دے گا۔
ملائیشیا کی جانب سے طلائی تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ کو 2 لاکھ 16 ہزار ڈالرز کا انعام دیا جائے گا۔
اسی طرح چاندی کا تمغہ جیتنے پر 65 ہزار جبکہ کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر 22 ہزار ڈالرز کا انعام دیا جائے گا۔
یورپ میں سب سے زیادہ انعامی رقم اسپین کی جانب سے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔
اسپین کا جو ایتھلیٹ طلائی تمغہ جیتے گا اسے ایک لاکھ 2 ہزار ڈالرز کا بھاری انعام دیا جائے گا جبکہ چاندی اور کانسی کے تمغے جیتنے والوں کو بالترتیب 52 ہزار اور 33 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
میزبان ملک فرانس کی جانب سے بھی میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو ہزاروں ڈالرز دیے جائیں گے۔
فرانس کے لیے طلائی تمغہ جیتنے والوں کے حصے میں 86 ہزار 528 ڈالرز آئیں گے۔
جنوبی کوریا، امریکا، جاپان، پولینڈ، جرمنی اور آسٹریلیا کے لیے طلائی تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو بالترتیب 45 ہزار، 38 ہزار، 32 ہزار، 25 ہزار، 22 ہزار اور 13 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
بھارت کے اولمپک ایتھلیٹس کو حکومت اور بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے الگ الگ انعامات دیے جائیں گے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے طلائی تمغے جیتنے والوں کو 75 لاکھ بھارتی روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
اٹلی، مراکش، ایسٹونیا اور دیگر ممالک کی جانب سے بھی کامیاب ایتھلیٹس کو نقد انعام دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، مگر انعامی رقم واضح نہیں کی گئی۔
اسی طرح ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں طلائی تمغے جیتنے والے تمام کھلاڑیوں کو ورلڈ ایتھلیٹکس کی جانب سے 50 ہزار ڈالرز کا نقد انعام دیا جائے گا۔
یہ پہلی بار ہے جب کسی بین الاقوامی فیڈریشن کی جانب سے کسی اولمپک مقابلے میں نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
گاڑیاں، گھر اور دیگر انعامات
نقد انعامات سے ہٹ کر کچھ ممالک کی جانب سے کامیاب کھلاڑیوں کو دیگر انعامات جیسے گھر اور گاڑیاں بھی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
قازقستان کی جانب سے ہر کامیاب ایتھلیٹ کو نقد انعام کے ساتھ اپارٹمنٹ دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ملائیشیا کی نیشنل اسپورٹس کونسل کی جانب سے بھی میڈل جیتنے والوں کو ایک پرتعیش اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے (انہیں اپارٹمنٹ کی جگہ اضافی رقم لینے کا آپشن بھی دیا جائے گا)۔
اسی طرح میڈل جیتنے والوں کو ایک غیر ملکی گاڑی بھی انعام میں دی جائے گی۔
جنوبی کوریا کے لیے تمغے جیتنے والوں کو نقد انعام کے ساتھ پوری زندگی کے لیے ہر ماہ پنشن دی جائے گی یا وہ یہ رقم ایک ساتھ بھی لے سکیں گے۔
ہانگ کانگ کے پبلک ٹرانزٹ آپریٹر ایم ٹی آر کارپوریشن کی جانب سے میڈل جیتنے والوں کو زندگی بھر کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پولینڈ کے کامیاب ایتھلیٹس کو نقد رقم کے ساتھ ایک پینٹنگ، ایک تفریحی واؤچر اور ایک اسکالر شپ دی جائے گی۔