اولمپکس کو دنیائے کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا جاتا ہے جس میں جوان اور فٹ کھلاڑی شریک ہوتے ہیں۔
مگر کیا آپ نے کبھی 61 سالہ خاتون کو کسی اولمپک ایونٹ میں جوان حریفوں کا مقابلہ کرتے دیکھا ہے؟
یقین کرنا مشکل ہوگا کہ لگسمبرگ سے تعلق رکھنے والی 61 سالہ نائی شیا اولمپکس کی تاریخ کی ٹیبل ٹینس میچ جیتنے والی معمر ترین کھلاڑی ہیں۔
4 جولائی 1963 کو پیدا ہونے والی نائی شیا نے ترکیہ سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ Sibel Altinkaya کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
اسی طرح 31 جولائی کو وہ اولمپکس کی تاریخ کی شکست کھانے والی معمر ترین کھلاڑی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔
انہیں چین سے تعلق رکھنے والی ورلڈ نمبرون کھلاڑی 23 سالہ سن ینگشا نے شکست دی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سن ینگشا نہ صرف نائی شیا سے 38 سال کم عمر تھیں بلکہ وہ اپنی حریف کے سب سے چھوٹے بیٹے سے بھی 9 سال چھوٹی تھیں۔
اگرچہ چینی کھلاڑی نے میچ جیت لیا مگر وہاں موجود تماشائیوں نے کھڑے ہوکر نائی شیا کے لیے تالیاں بجائیں جبکہ انہوں نے وہاں موجود صحافیوں کو اپنی زندگی کی کہانی بھی سنائی۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن میں شنگھائی میں انہوں نے ٹیبل ٹینس کو کھیلنا شروع کیا اور 16 سال کی عمر میں نیشنل ٹیم کا حصہ بنی۔
1983 میں انہوں نے چین کے لیے برلن میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں 2 طلائی تمغے بھی جیتے۔
انہیں جرمن شہر اتنا پسند آیا کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے جرمنی منتقل ہوگئیں اور گریجویشن کے بعد لگسمبرگ چلی گئیں، جہاں وہ اب تک مقیم ہیں۔
لگسمبرگ کے ساتھ ساتھ چین میں بھی نائی شیا کو بہت پسند کیا جاتا ہے اور جوان کھلاڑی انہیں احتراماً آنٹی کہتے ہیں۔
وہ اب تک 6 بار اولمپک مقابلوں میں شرکت کرچکی ہیں۔