لاہور: پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس ایونٹس کے حوالے سے انٹرنیشنل ٹینس اے ٹی پی کے نمائندے آندرےکورنیلووف نے ٹینس سینٹر کا دورہ کیا اور انٹرنیشنل ایونٹس کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا۔
نشتر اسپورٹس کمپلیکس میں واقع ٹینس سینٹر میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کےصدر اعصام الحق قریشی نے آندرےکورنیلووف کو بریفنگ دی۔
آندرےکورنیلووف کے دورے کا مقصد پاکستان میں اے ٹی پی چیلنجرز اور آئی ٹی ایف ایونٹس کے لیے سہولیات کا جائزہ اور پاکستان کو کلیئرنس دینا تھا، آئی ٹی ایف نمائندے کی رپورٹ کی روشنی میں پاکستان کو انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی دی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر اعصام الحق قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کا صدر بننے کے بعد کوشش تھی کہ پاکستان میں انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد کیا جائے، پاکستان میں پہلی بار ٹینس کی اعلٰی گورننگ باڈی اے ٹی پی کا نمائندہ آیا ہے۔
اعصام الحق نے کہاکہ اپنے تمام کھلاڑیوں کو باہر تو نہیں بھیج سکتے مگر ان کے لیے انٹرنیشنل مقابلے یہاں کرواسکتے ہیں، ابھی سکیورٹی مسائل کی وجہ سے اے ٹی پی نے میزبانی کے لیے صر ف اسلام آباد کو منظورکیا ہوا ہے۔
اعصام الحق نے کہا کہ کوشش ہے کہ انٹرنیشنل ٹینس کو لاہور میں کروائیں اور اگر اس دورے کے بعد لاہور کے ٹینس سینٹر کو کلیئرنس مل جاتی ہے تو اگلے سال فروری اور مارچ میں ایونٹس کروائیں گے۔