پیرس میں جاری کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپک گیمز میں کل پاکستان کی 2 ایتھلیٹس ایکشن میں ہوں گی۔
کشمالہ طلعت شوٹنگ اور فائقہ ریاض ایتھلیٹکس میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کریں گی۔
پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے کچھ کر دکھانے کا جذبہ لیے کل 2 ایتھلیٹس اپنے اپنے ایونٹس میں ایکشن میں ہوں گی ۔ شوٹر کشمالہ طلعت 25 میٹر پسٹل کے مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گی۔ 25 میٹر پسٹل کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے شروع ہوں گے۔
اسٹارٹ لسٹ کے مطابق کشمالہ طلعت ریپڈ پسٹل کی ریلے 2 میں اپنے نشانے لگائیں گی۔ ان کا پریسیشن راؤنڈ ڈیڑھ بجے اور ریپڈ فائر راؤنڈ سوا 4 بجے شروع ہوگا۔
25 میٹر پسٹل مقابلوں میں 40 شوٹرز شریک ہیں جبکہ ٹاپ 8 فائنل کھیلیں گے۔
دوسری جانب اسپرنٹر فائقہ ریاض خواتین کی 100 میٹر دوڑ کے ابتدائی مرحلے میں شریک ہوں گی ۔ فائقہ ریاض کا ایونٹ دن سوا ایک بجے شروع ہوگا ۔
پاکستانی اسپرنٹر پریلیمینری راؤنڈ کی دوسری ہیٹ میں شامل ہیں۔ 4 ہیٹس کی ٹاپ 3، 3 ایتھلیٹس پہلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ہر ہیٹ کی ٹاپ 3، 3 پلیئرز کے بعد 5 بہترین ٹائمنگ کی پلیئرز بھی پہلے راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی۔
اس سے قبل پاکستان کے دونوں سوئمرز اور شوٹر گلفام جوزف اولمپکس سے آؤٹ ہوچکے ہیں ۔ کشمالہ طلعت خواتین اور مکسڈ ٹیم کی 10 میٹر ائیرپسٹل میں ناکام رہی تھیں۔
پاکستان کے تیسرے شوٹر جی ایم بشیر کا ایونٹ 4 اگست جبکہ میڈل کی حقیقی امید ارشد ندیم کا ابتدائی ایونٹ 6 اگست کو ہوگا۔