پشاور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اپر دیر سےلاپتا ہونے والے 3 بچوں کو بازیاب کرالیا۔
ایف آئی اے کے مطابق تینوں بچوں کو فوارہ چوک سے بازیاب کرایا گیا ہے اور اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ گرفتار ملزم ادریس بچوں کو ترکی اسمگل کرنےکی کوشش کررہا تھا، ملزم بچوں کو ترکی لے جاکر ان سے مزدوری کرانے میں ملوث تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے بچوں پر تشدد کرنے اور ویڈیوز بنانے کا اعتراف بھی کیا جب کہ ملزم ویڈیوز بچوں کے والدین کو بھجواکر کروڑوں روپے کا مطالبہ کرتا تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزم کے خلاف ایف آئی ار درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔