تحریک انصاف نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کے خلاف آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔

پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کی وساطت سے آرٹیکل 184/3 کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے جس میں الیکشن ترمیمی ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے شدید احتجاج اور شور شرابے میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا جس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے انتخابات ایکٹ ترمیم بل پرکمیٹی کی رپورٹ پیش کی، اس دوران الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا جب کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل زیر غور لانے کی تحریک بھی پیش کی گئی جسے ایوان نے منظور کرلیا۔

قومی اسمبلی کے بعد آج سینیٹ نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو مسترد کرتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں