اسلام آباد: ملک میں ڈیجیٹل سروسز شروع ہونے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ملکی ریونیو گروتھ میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ نے 20-2021 میں ڈیجیٹل اقدامات کیے جن سے ریونیوگروتھ میں114فیصد اضافہ ہوا اور 21-2022 میں ریونیوگروتھ میں267 فیصد تک اضافہ ریکارڈکیاگیا جب کہ مالی سال 22-2023 میں ریونیو گروتھ 242فیصد تک بڑھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل اقدامات سے پہلے سال 19-2020 میں ریونیو گروتھ میں 63 فیصد، سال 18-2019 میں 83 فیصد اور مالی سال17-2018 میں ریونیو گروتھ میں سالانہ 76فیصد اضافہ ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 21-2022 کےمقابلے 22-2023 میں ریونیو گروتھ میں کچھ کمی رہی اور ریونیو گروتھ میں کمی کی وجہ نئی رجسٹریشن پرٹیکس کی شرح زیادہ ہونا ہے جب کہ نئی رجسٹریشن پر ٹیکس کی شرح اسلام آباد میں بہت زیادہ ہے۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آڈیٹ سروے میں 76 فیصد ٹیکس دہندگان ڈیجیٹل سروسز سے واقف تھے اور تقریباً98 فیصد ٹیکس دہندگان نے ڈیجیٹل سروسز کو کار آمد قرار دیا۔