کیا کمار سانو نے عمران خان کیلئے گانا گایا؟ بھارتی گلوکار نے ردعمل دیدیا

ماضی میں بالی وڈ کی ان گنت فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے لیجنڈری گلوکار کمار سانو نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے گانا گانے کی تردید کر دی۔

بھارتی گلوکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنا وضاحتی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے عمران خان کے لیے گانا گانے کی تردید کی۔

کمار سانو نے بھارتی میڈیا پر شائع خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں فیکٹ چیک تھا اور بتایا گیا تھا کہ کمار سانو نے عمران خان کے لیے گانا نہیں گایا۔

گلوکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم کے لیے کبھی کوئی گانا نہیں گایا‘۔

کمار سانو نے لکھا کہ ’فیس بک پر گردش کرنے والی آڈیو میری نہیں ہے بلکہ اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلجنس) کی مدد سے تیار کی گئی ہے،کچھ لوگ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لہٰذا میں اپنے مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں یہ خبر (گانا) فیک ہے، جھوٹ ہے‘۔

انہوں نے بھارت کی حکومت سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ٹیکنالوجی کا سنگین غلط استعمال ہے اور میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ اے آئی کے غلط استعمال اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے استعمال کو روکنے کے جلد اقدامات کیے جائیں‘۔

واضح رہے کہ 26 جولائی کو فیس بک پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کی تھی جس میں کمار سانو سابق وزیراعظم عمران کی رہائی کے لیے کانسرٹ میں گانا گا رہے تھے، پوسٹ کی کیپشن میں درج تھا کہ ’عمران خان وزیراعظم بنائیں گے، نیا پاکستان کو واپس لے آئیں گے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں