معروف پاکستانی گلوکارہ ہانیہ اسلم انتقال کرگئیں

پاکستان کے معروف میوزک بینڈ ‘زیب اینڈ ہانیہ’ کی گلوکارہ اور موسیقار ہانیہ اسلم دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کرگئیں۔

گلوکارہ زیب النسا جنہیں زیب بنگش کے نام سے جانا جاتا ہے، انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متعدد اسٹوریز شیئر کیں اور اپنی کزن گلوکارہ ہانیہ اسلم کے انتقال کی تصدیق کی۔

زیب بنگش نے بتایا کہ ہانیہ گزشتہ روز 11 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئیں۔ گلوکارہ کے انتقال پر پاکستانی میوزک انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ ان کے انتقال پر پاکستانی فلم ساز مہرین جبار نے بھی طویل پوسٹ شیئر کی اور ہانیہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مہرین جبار کی پوسٹ پر بالی وڈ کی مقبول گلوکارہ ریکھا بھاردواج نے بھی کمنٹ کیا اور ہانیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

ریکھا بھاردواج نے لکھا ‘مجھے یاد ہے جب میری ان سے لاہور میں ملاقات ہوئی، ان کی انرجی قابلِ تعریف تھی، خدا ان کے چاہنے والوں کو صبر دے’۔

واضح رہے کہ زیب بنگش اور ہانیہ اسلم نے 2007 میں میوزک بینڈ ’زیب اینڈ ہانیہ‘ کی بنیاد رکھی تھی ، دونوں کو 2008 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 2 میں اپنے گانے’پیمانہ‘ سے شہرت ملی۔

ہانیہ اسلم 2014 میں تعلیم مکمل کرنے کے لیے کینیڈا چلی گئی تھیں جنہوں نے 2016 میں کینیڈا سے ہی اپنے سولو کیرئیر کا آغاز کیا جب کہ ہانیہ اسلم نے پاکستان لوٹنے کے بعد متعدد فلموں میں بطور میوزک کمپوزر کام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں