اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے دو لاپتا بھائیوں کے کیس میں سیکرٹری دفاع ، سیکرٹری داخلہ ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہرمشوانی کے دو لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں درخواست گزار کے وکلا اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی رپورٹ پہلے ہی فائل ہو چکی ہے اور سکیورٹی اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں سے متعلق کچھ معلوم نہیں۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کے مؤقف پر جسٹس میاں گل حسن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تمام فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کروں گا، فریقین جواب دیں کہ کیوں نا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی ایف آئی اے کو 15 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔