دنیا کے سب سے تنگ یا پتلے گھر میں رہنا پسند کریں گے؟

لگ بھگ ہر فرد اچھے اور بڑے گھر کی ملکیت کے خواب دیکھتا ہے۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ ہر فرد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر دیگر سے بالکل مختلف ہو۔

مگر یورپی ملک پولینڈ کا ایک گھر ایسا ہے جس کی انفرادیت دیکھنے والوں کو دنگ کردیتی ہے۔

جی ہاں واقعی یہ دنیا کا سب سے تنگ یا پتلا گھر جس کی چوڑائی محض 4 فٹ ہے۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں واقع یہ گھر دو عمارات کے درمیان موجود ہے۔

اس گھر کے اندر جانے کا خیال ان افراد کو ڈرا سکتا ہے جن کو تنگ یا بند مقامات جانے پر خوف محسوس ہوتا ہے۔

اس گھر کو کیرٹ ہاؤس کا نام دیا گیا ہے جسے پولش آرکیٹیکٹ Jakub Szczęsny نے ڈیزائن کیا۔

اس گھر کی چوڑائی تو 4 فٹ ہے مگر اس کی اونچائی 30 فٹ ہے۔

سب سے تنگ مقام پر یہ گھر محض 28 انچ چوڑا ہے یعنی کسی چولہے سے بھی پتلا۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا کے سب سے تنگ یا پتلے گھر کا عالمی ریکارڈ اس کے نام کیا گیا ہے۔

3 منزلہ اس گھر میں ایک بیڈروم، ایک باتھ روم، ایک کچن اور 2 فریج موجود ہیں۔

پہلی منزل میں کچھ بھی نہیں بلکہ ایک زینہ موجود ہے جو دوسری منزل پر لے جاتا ہے۔

البتہ اس زینے کو اوپر کھینچا جا سکتا ہے جس کے بعد پہلی منزل کا خلا لیونگ روم کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔

دوسری سے تیسری منزل پر جانے کے لیے ایک سفید سیڑھی کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔

چونکہ یہ گھر بہت پتلا ہے تو اس میں بجلی اور نکاسی آب کے روایتی سامان کو استعمال کرنا ممکن نہیں۔

اس لیے بجلی کو اس کے دائیں بائیں موجود عمارات سے حاصل کیا جاتا ہے جبکہ پانی کی نکاسی کے لیے بھی ایک منفرد ڈیزائن اپنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں