کراچی سے بھی بڑے برفانی تودے نے سائنسدانوں کو حیران کیوں کر دیا؟

سمندر میں 3 دہائیوں سے زائد عرصے تک پھنسے رہنے والا دنیا کا سب سے بڑا سمندری تودہ عرصے سے سائنسدانوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

اب اس نے ایک بار پھر سائنسدانوں کو دنگ کر دیا ہے۔

اے 23 اے نامی یہ برفانی تودہ 1986 میں انٹار کٹیکا کے ساحلی علاقے سے الگ ہوکر بحیرہ ودل کی تہہ میں رک کر ایک برفانی جزیرے کی شکل اختیار کر گیا تھا۔

1500 اسکوائر میل رقبے پر پھیلا یہ برفانی تودہ کراچی سے بھی کچھ بڑا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی کا رقبہ 1360 اسکوائر میل ہے۔

1986 سے یہ تودہ ایک جگہ رکا ہوا تھا مگر 2020 میں اپنی جگہ سے آگے بڑھ کر بتدریج سدرن اوشین تک پہنچ گیا۔

مگر اب کئی مہینوں سے یہ برفانی تودہ ایک ہی جگہ پر موجود ہے اور وہاں سست روی سے گھوم رہا ہے اور سائنسدانوں کے مطابق یہ اس بھنور میں کافی عرصے تک پھنسا رہے گا۔

اب اس برفانی تودے کا مستقبل واضح نہیں اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس کی نظیر نہیں ملتی۔

ہوائی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر Les Watling نے کہا کہ ‘جہاں تک ہم جانتے ہیں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا’۔

برٹش انٹارکٹک سروے (بی اے ایس) کے مطابق یہ برفانی تودہ اس سمندری بھنور کے باعث روزانہ 15 ڈگری تک گھوم رہا ہے۔

اس طرح کے بھنور کے لیے Taylor column کی اصطلاح استمال کی جاتی ہے جو سمندری کرنٹ سے بن کر زیرآب موجود پہاڑیوں سے ٹکراتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ برفانی تودہ ایک زیرآب پہاڑی Pirie Bank Seamount کے اوپر گھوم رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق برفانی تودے کا آسانی سے آگے بڑھنا اب ممکن نہیں۔

بی اے ایس کے ماہر ڈاکٹر الیگزینڈر بریرلے نے بتایا کہ برفانی تودے کے گھومنے کا عمل بہت سست رفتار ہے تو وہ رئیل ٹائم میں نظر نہیں آتا، اس کا انکشاف سیٹلائیٹ تصاویر سے ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم ماضی میں Taylor columnS پر تحقیقی کام کر چکے ہیں کیونکہ یہ ایک ایسا عمل ہے جو سمندری گردش پر اہم اثرات مرتب کرتا ہے۔

ڈاکٹر Les Watling کے مطابق وہاں کے حالات اس سمندری بھنور کو تھامے رکھنے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔

جب تک برفانی تودہ اس طرح پھنسا رہے گا، اس کے پگھلنے کی رفتار بھی بہت سست ہوگی اور اس کے پگھلنے سے سمندری سطح میں اضافہ نہیں ہوگا۔

محققین کو اندازہ نہیں کہ کب تک یہ برفانی تودہ ایک جگہ پھسنا گھومتا رہے گا، مگر ماہرین کے خیال میں اسے نکلنے میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں