اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین نے کے الیکٹرک کو کراچی کے ایم این ایز کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنے کا مشورہ دے دیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کا اجلاس چیئرمین اقبال آفریدی کی سربراہی میں ہوا جس میں چیئرمین نے کہا کہ کے الیکٹرک حکام کراچی کے ایم این ایز کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کریں۔
اس پر رکن کمیٹی راجہ قمرالاسلام نے کہا کہ یہ درست نہیں کہ کمپنیاں ایم این ایزکے ساتھ بیٹھ کرمعاملات حل کریں،کل کمپنی کو ایم این ایز اپنے مسائل ایسے ہی حل کرنے کے لیے کہیں گے،کراچی کے ایم این ایز موجود ہیں،کمیٹی میں ہی مسائل بتائیں۔
اس دوران ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہا کہ آئی پی پیز عوام کا خون چوس گئی ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ بھی ہمارے مذاکرات ہوئے، ہم نےان سے کہا معاہدوں میں دیکھیں گےکہاں تک کرسکتے ہیں، وزیراعظم نے بھی بجلی نرخ کم کرنے کا کہا ہے۔
طارق فضل نے مزید کہا کہ آئندہ اجلاس میں تمام آئی پی پیزکی لسٹ اور معاہدوں کی تفصیلات بتائی جائیں۔
اس موقع پر سیکرٹری کمیٹی نے کہا کہ ہم آئی پی پیز پر الگ میٹنگ رکھتے ہیں۔