بھارتی شہر کلکتہ میں 31 سالہ ٹرینی لیڈی ڈاکٹر کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کے الزام میں گرفتار پولیس رضا کار سنجے رائے سے متعلق اس کی ساس نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سنجے کی ساس نے بتایا کہ میرے اس سے تعلقات کچھ اچھے نہیں تھے، اس کی میری بیٹی کے ساتھ 2 سال قبل شادی ہوئی تھی جو کہ سنجے کی دوسری شادی تھی۔
ملزم کی ساس کا کہنا ہے کہ ابتدا کے 6 ماہ بہت اچھے گزرے لیکن جب میری بیٹی تین ماہ کی حاملہ تھی تب سنجے اس کے مس کیرج کی وجہ بنا۔
خاتون نے بیان میں الزام عائد کیا کہ یہ میری بیٹی کو بری طرح مارتا تھا جس کی پولیس میں شکایت بھی درج ہے، اسی وجہ سے میری بیٹی مسلسل بیمار رہنے لگی جس کا خرچہ میں خود اٹھاتی تھی۔
سنجے کی ساس کے مطابق اسے پھانسی دینی چاہیے یا جو دل کرے اس کے ساتھ کریں، میں جرم سے متعلق بات نہیں کروں گی، یہ اس لڑکی کے ساتھ زیادتی اور اس کا قتل اکیلے نہیں کرسکتا، یہ اس قابل ہی نہیں کہ سب تنِ تنہا کرے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے رائے کی کئی شادیاں ناکام ہوچکی ہیں جب کہ پولیس کو اس کے فون سے غیر اخلاقی مواد بھی مِلا ہے۔
واضح رہے کہ کلکتہ کے اسپتال سے وابستہ ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی تھی۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم میں خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔