کراچی: مون سون کے نئے سسٹم کے تحت کراچی سمیت پورے سندھ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ نیا سسٹم پورے سندھ کو لپیٹ میں لے گا جس کے سبب 27 اور 28 اگست کو شہر قائد میں تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ شدید بارش کے باعث کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
اسی حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال کے قریب تشکیل پا چکا ہے، یہ سسٹم آنے والے دنوں میں کراچی سمیت مشرقی سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مون سون کا یہ سسٹم 26 اگست کو مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتا ہے جس کے تحت 26 سے 27 اگست کے دوران کراچی سمیت مشرقی سندھ میں بارش کا امکان رہے گا۔