آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں گزشتہ روز ہونے والے ڈاکوؤں کے حملے میں ہمارا بھاری نقصان ہوا تاہم جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہم بدلہ ضرور لیں گے۔
آئی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شیخ زید اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا گزشتہ روز کا واقع محکمہ پولیس کا بھاری نقصان ہے، پولیس نے فوری جوابی کارروائی کی، ایک ڈاکو کو ہلاک اور 5زخمی کر دیے۔
ان کا کہنا تھا سندھ پولیس بھی ہمارے ساتھ ہے، ڈی آئی جی سکھر آئے ہوئے ہیں، ہمارا بھاری نقصان ہوا لیکن ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کچے کے علاقے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بند بنائے گئے، چوکیاں بنیں، بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں دی گئیں، پولیس کے جوانوں کےساتھ ساتھ مکینوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، کچے میں بیس کیمپ اور چوکیاں قائم کرنے کا مقصد نوگو ایریا ختم کرنا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کچے میں بارش کے باعث پولیس کی گاڑیاں پھنسیں اور ڈاکوؤں نے موقع کا فائدہ اٹھایا، موسمی حالات کی وجہ سے پھنس جانے کو ناکامی قرار نہیں دے سکتے، بدلہ ضرور لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے میں ہونے والے آپریشن میں اب تک 65 ڈاکوؤں ہلاک اور 100 سے زائد زخمی کیے گئے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، علاقے کو ڈاکوؤں سے کلیئر کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس موبائلوں پر راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔