بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی نے اپنے حافظِ قرآن ہونے کی خبروں پر وضاحت پیش کی ہے۔
بالی وڈ اداکار سے متعلق گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا سمیت بھارتی میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ وہ حافظِ قرآن ہیں جس پر اب اداکار نے ردعمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان افواہوں کا آغاز گزشتہ برس سے ہوا جب پاکستانی اداکارہ حمائمہ ملک نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ عمران ہاشمی کو کچھ قرآنی آیات یاد ہیں اور وہ ان کے ساتھ فلموں کی شوٹنگ پر بھی آیات پڑھا کرتے تھے۔
تاہم اب کچھ روز قبل عمران ہاشمی نے ایک پوڈکاسٹ کے دوران اس حوالے سے خبروں کی تردید کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، ویڈیو میں میزبان نے عمران ہاشمی سے سوال کیا کہ کیا یہ بات سچ ہے کہ وہ حافظ قرآن ہیں؟
جواب میں اداکار نے مختصراً کہا کہ ان دعوؤں میں کوئی سچائی نہیں، ایسا نہیں ہے اور وہ حافظ قرآن نہیں، جس پر ہندو میزبان نے ان سے وضاحت طلب کی کہ یہ حافظ قرآن کا مطلب کیا ہوتا ہے؟
اس پر عمران ہاشمی نے جواب دیا کہ حافظ قرآن کا مطلب یہ ہے کہ مقدس کتاب کو دیکھے بغیر اسے درست اور صحیح انداز میں پڑھنا۔