رحیم یار خان کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث مرکزی ملزم بشیر شر پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مقابلے میں ڈاکو نصیر اور گدی کوش عرف مینا شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ پنجاب پولیس کے آپریشنز میں اب تک 5 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں جن میں ثنا اللہ شر، گداعلی، کملوشر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں پر حملے کے واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کے قلع قمع کےلیے آپریشن جاری ہے، حملے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ڈاکوؤں کی سرکوبی کےلیے پولیس آپریشن جاری رہے گا۔
گزشتہ روز حملے میں زخمی پولیس اہلکار کا بتانا ہے کہ ڈاکو کچے کے علاقے ماچھکہ میں گنے کی فصل میں گھات لگا کر بیٹھے تھے اور ہم پر اچانک برسٹ مار کر حملہ کردیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رحیم یار خان کےکچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔