25 اگست سے ملک کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال پر موجود ہے جس کے سبب 25 اگست کی رات سے طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی حصے میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ 25 سے 29 اگست کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور تھرپارکر میں تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ 26 سے 30 اگست کے دوران خضدار، قلات، لسبیلہ، نصیر آباد اور 25 اگست کی رات سے 28 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 سے 28 اگست کے دوران خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بارشوں سے سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے، ملک کے بالائی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شدید بارشوں، آندھی کے باعث کمزور انفرااسٹرکچر کو نقصان کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں