بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا شمار کامیاب ترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے لیکن عامر خان اداکاری کے میدان میں جتنے کامیاب رہے ازدواجی زندگی میں اتنے ہی ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
دوشادیوں میں ناکامی کے بعد عامر خان 59 سال کی عمر میں تیسری شادی سے متعلق کیا منصوبہ بندی رکھتے ہیں، اس کا اظہار عامر خان نے ایک شو کے دوران کیا۔
دوران شو میزبان ریا چکرورتی نے عامر خان سے ازدواجی زندگی کے حوالے سے مشورہ طلب کیا جس پر اداکار نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ میری دو شادیاں ناکام ہو چکی ہیں لہٰذا اس مشورے کیلئے میں مناسب شخص نہیں ہوں۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ مجھے تنہا رہنا پسند نہیں کیونکہ مجھے ایک ساتھی کی ضرورت ہے، مجھے دوستی پسند ہے، میں تنہا نہیں ہوں میں اپنی سابقہ بیویوں رینا اور کرن دونوں کے بہت قریب ہوں، میں ان لوگوں کے ساتھ خوش ہوں جو میرے قریب ہیں، ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں لہٰذا خود کو بہتر بنانے پر کام کر رہا ہوں۔
شو میں جب عامر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایک بار پھر یعنی تیسری بار شادی کرنا چاہتے ہیں؟ جس کے جواب میں عامر نے کہا کہ میں اب 59 سال کا ہو چکا ہوں، دوبارہ کہاں شادی کروں گا، مشکل لگ رہا ہے۔
اسی چیٹ شو میں عامر خان نے فلم لال سنگھ چڈھا کی باکس آفس پر ناکامی کی ذمہ داری بھی قبول کی اور بتایا کہ اس فلم میں میری اداکاری اچھی نہیں تھی جس کی وجہ سے فلم ناکام ہوئی، عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی فلم ٹھگز آف ہندوستان سے بھی زیادہ خوش نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان نے رینا دتہ سے 1986میں شادی کی تھی، عامر اور رینا کا رشتہ 2002 میں اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد کرن راؤ اور عامر خان کی شادی 2005میں اور اس جوڑی کے درمیان علیحدگی 2021 میں ہوئی۔