ایف بی آر ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کیلئے تیار

اسلام آباد: تاجروں سے ٹیکس وصولی کے معاملے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کیلئے تیار ہو گیا۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق اگر تاجر تیار ہوں تو ترمیمی نوٹ فوری جاری ہو سکتا ہے، چھوٹے تاجروں کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی ترمیم مسودے میں شامل ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے کا فارم سادہ اور آسان اردو زبان میں جاری کیا جائے گا، 10 کروڑ روپے سالانہ ٹرن اوور پر سیلز ٹیکس کا اطلاق نہ کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کیلئے انکم ٹیکس ٹیبل میں ترمیم کا بھی امکان ہے، گزشتہ روز تاجر تنظیم کے نمائندےچیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کے لیے نہیں آئے۔

خیال رہے کہ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ تاجر دوست اسکیم کسی صورت واپس نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا تاجر دوست اسکیم کو تاجروں کے تعاون سے ہی نافذ کیا جائےگا، تاجروں کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے، مارکیٹ ریٹ پر نظر ثانی ہو سکتی ہے، چھوٹی دکانوں پر غیرضروری بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں