ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا، تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے: کوآرڈینیٹر وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل کا کہنا ہے کہ حکومت کسی صورت تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئے گی، ریٹیلیرز کو ہر صورت ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا۔

اضافی ٹیکس اور بجلی کے بلوں کے خلاف ملک بھر کے تاجروں کی جانب سے آج ہڑتال کی جا رہی ہے، تمام بڑی چھوٹی تاجر تنظیموں اور لیبر یونینز کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کی گئی ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ملک گیر ہرتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔

پہلے ذرائع کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ ایف بی آر ٹیکس اسکیم میں تاجروں کی مرضی کی تبدیلیوں کیلئے تیار ہے، اگر تاجر تیار ہوں تو ترمیمی نوٹ فوری جاری ہو سکتا ہے۔

تاہم اب وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم مذاکرات سے نہیں بھاگیں گے لیکن تاجروں کے پریشر میں نہیں آئیں گے۔

رانا احسان افضل کا کہنا تھا اگر تاجروں کو لگتا ہے ہم غلط کر رہے ہیں تو دوبارہ بیٹھ سکتے ہیں، وزیراعظم کو ایف بی آر کی تنظیم نو کرنی ہے، ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں